دبئی : تیز آندھی اورطوفانی بارش سے دبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،طوفانی بارش کے باعث درخت گرنے سے 2 خواتین زخمی اور 252 سے زائد ٹریفک حادثات پیش آئے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں گذشتہ روز خراب موسم اور تیز بارش سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا، شہر میں گرد آلود ہواؤں اور بارش سے کئی علاقوں میں درخت گرگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز دبئی میں تین گھنٹے تک ہونے والی طوفانی بارش کے باعث 252 ٹریفک حادثات رونما ہوئے تاہم ٹریفک حادثات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
ڈائریکٹر کمانڈ اینڈ کنٹرول سیکشن کے کرنل ترکی بن عبدالعزیز کے مطابق تیز ہواؤں اور آندھی کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں 58 درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس میں 2 خواتین زخمی ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کار پارکنگ عمارت کی چھت بھی گری ہے، لیکن حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
کرنل ترکی بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والے ٹریفک حادثات گرد آلود ہواؤں کے باعث نظر نہ آنے اور سڑک پر پسلن کی وجہ سے رونما ہوئے ہیں۔ جس کے بعد دبئ حکام کی جانب سے پولیس پیٹرول کو دبئی کی شاہراہوں پر تعینات کردیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں