دبئی : پاکستان پیپلزپارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیپلزپارٹی کو ازسرنو منظم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے،اجلاس کا دوسراسیشن آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں آصف زرداری اور بلاول بھٹوکی زیرصدارت پی پی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پیپلزپارٹی کو ملک بھر میں ازسر نومنظم کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں رینجرز اختیارات اور پارٹی کی تنظیم نو پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کی مہم بلاول بھٹو زرادری چلائیں گے۔
بلاول بھٹو سندھ اور پنجاب میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سندھ میں دس جلسے جبکہ پنجاب میں پانچ جلسے کئے جائیں گے۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، اعتزازاحسن، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان، شرجیل میمن، فیصل کریم کنڈی، نوید قمر، ندیم افضل چن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر رہنماؤں نے آصٖف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس کا دوسرا سیشن آج ہوگا۔