ہفتہ, دسمبر 14, 2024
اشتہار

کورونا وائرس : دبئی حکومت کا سفاری پارک سے متعلق بڑا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی : کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد دبئی انتظامیہ نے سفاری پارک کو کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، آنے والوں کو کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دبئی کا سفاری پارک گزشتہ روز پیر 5 اکتوبر سے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، دبئی بلدیہ نے پارک کھولنے سے قبل متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔

- Advertisement -

سفاری پارک سے متعلق ترجمان دبئی بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ یہاں آنے والے افراد مختلف جانور دیکھ کر اپنی زندگی کا ایسا تجربہ کریں گے جسے وہ فراموش نہیں کرسکیں گے۔

دبئی سفاری پارک متحدہ عرب امارات کے اہم قابل دید مقامات میں سے ایک ہے، یہاں تین ہزار جانور موجود ہیں، نایاب پرندے اور جانور بھی بڑی تعداد میں ہیں۔

دبئی سفاری پارک جنگلی حیاتیات کا محفوظ قومی جنگل ہے، یہ سیکھنے سکھانے کا مرکز بھی ہے، یہاں پہلی بار ہاتھی اور افریقی شترمرغ بھی لائے گئے ہیں، جانوروں کے حوالے سے متعدد شوز اور پروگرام بھی رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی اور معلوماتی پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سفاری پارک میں توسیع اور شجر کاری کے ساتھ کئی نئے جانوروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس وقت یہاں افریقی ہاتھی، ایشیائی سیاہ ریچھ ، افریقی ہرن سمیت دیگر نایاب جانور بھی ہیں جو پہلی مرتبہ امارات لائے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دبئی سفاری پارک آنے والوں کی سہولت کے لیے جدید ترین ایئرکنڈیشنڈ ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے، ان کی مدد سے وہ دبئی سفاری پارک کے تمام مقامات کی سیر کرسکتے ہیں۔ سفاری پارک روزانہ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلے گا۔ سیر و تفریح کے لیے آن لائن پیشگی بکنگ کرانا ہوگی۔

واضح رہے کہ دو سال سے دبئی سفاری پارک میں توسیع کی جارہی تھی اور یہ سیاحوں کی آمد کے لیے بند کیا گیا تھا۔ دبئی سفاری پارک 119 ہیکٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

جس جگہ سفاری پارک تعمیر کیا گیا ہے وہاں پہلے کچرے کا ڈھیر تھا جس کی تزئین و آرائش کے بعد اب سیاحتی، تفریحی اور ثقافتی مرکز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ابوظبی اور فجیرہ میں شیخ زاید گرینڈ مسجد بھی عوام کیلئے اتوار سے دوبارہ کھول دی گئی ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔

مسجد میں داخلے کے تمام مقامات پر آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے تھرمل کیمرے نصب ہوں گے۔ اور سماجی فا صلے کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیاحوں کے لیے ویب سائٹ پر آن لائن بکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے وہ تاریخ اور وقت کا تعین بھی کرسکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں