جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

پاکستان نے ٹی ٹوینٹی سیریز میں‌ آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 33 رنز سے شکست دے کر پہلی بار وائٹ واش کردیا۔شاداب خان کو میچ میں بہترین بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دبئی میں جاری آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں آسٹریلیا کو 33 رنز سے شکست دے پہلی بار وائٹ واش کردیا، کینگروز کی پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاداب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا نے 151 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو عماد وسیم کے پہلے اوور میں 18 رنز بنے، لیکن دوسرے اوور میں ہی آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

- Advertisement -

دوسرے آسٹریلوی اوپنر کیری بھی 20 رنز بنا کر 24 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، لائن نے 15 اور میکڈورمیٹ نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، آسٹریلوی اہم بلے باز گلین میکسویل صرف 4 رنز بناسکے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی نے دو، فہیم اشرف، محمد حفیظ اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں جاری تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی۔

سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز جوڑے، صاحبزادہ فرحان 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 97 رنز پر گری جب بابر اعظم 50 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے۔

گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 126 رنز پر گری جب شعیب ملک 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے آؤٹ ہونے کھلاڑی آصف علی تھے انہوں نے 4 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کا اسکور 141 رنز پر پہنچا تو آصف علی کے فوری بعد آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ نے 20 گیندوں پر 32 رنز ناقابل شکست اننگز کھیلی، عماد وسیم 3 رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، زمپا، ٹائی اور نیتھن لائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں سرفراز احمد نے کینگروز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور عثمان شنواری کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا کہ اچھا ہدف دے کر کلین سوئپ کرنے کی کوشش کریں گے، دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جبکہ ٹیم میں فاسٹ بولر اسٹین لیک کی جگہ اسپنر نیتھن لائن کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم نے دو ٹی ٹوینٹی میچز میں کینگروز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں