کراچی (18 مئی 2026): شہر قائد میں اس بار قاتل ڈمپر کا نشانہ پولیس وین بن گئی ہے، حادثے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے گڈاپ ٹاؤن کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے پولیس وین کو کچل ڈالا ہے، جس میں دو اہلکار سوار تھے، دونوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کافی کوششوں کے بعد تباہ شدہ وین سے پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی گئیں۔ پولیس وین سڑک کنارے کھڑی تھی، کہ حیدر آباد سے کراچی آنے والا تیز رفتار ڈمپر اس پر چڑھ دوڑا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ڈمپر نے پولیس پکٹ پر کھڑی پولیس موبائل کو ہٹ کیا ہے۔
ادھر دوسری طرف حب میں وندر کے قریب پنجگور سے پیٹرول لے کر کراچی جانے والی مسافر کوچ میں آگ لگ گئی ہے، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مسافر کوچ میں موجود ایرانی پیٹرول میں آگ لگی جس سے کوچ جل کر راکھ ہو گئی ہے۔
ایک اور حادثے میں شہداد پور میں بے قابو ٹرک پھاٹک توڑ کر ٹرین کی زد میں آ گیا، ٹرین کی ٹکر سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا ہے، حادثے کی شکار پاک بزنس ٹرین کراچی سے لاہور جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثے میں تباہ شدہ منی ٹرک میں آگ لگ گئی اور ملبہ ریلوے ٹریک پر بکھر گیا، حادثے میں جاں بحق منی ٹرک ڈرائیور کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



