شاہ رخ خان نے 2023 میں پھر سے بالی وڈ پر اپنی بادشادہت مستحکم کرلی ہے، اس سال ان کی تین بلاک بسٹر فلمیں ریلیز ہوئیں۔
فلم ’ڈنکی‘ بھی پچھلے سال کنگ خان کی ہٹ فلموں میں سے ایک رہی ہے، جس کی نمائش سینماؤں میں اب بھی جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راج کمار ہیرانی کی فلم کو اچھوتے خیال کی بنا پر بھارت کی جانب سے آسکر کے لیے نامزد کیا جاسکتا ہے۔
شاہ رخ اور دیگر کرداروں کی اداکاری فلم میں شاندار رہی ہے جس کی بنا پر امکانات ہیں کہ ’ڈنکی‘ کو اکیڈمی ایوارڈز کی ریس میں بھارت کی نمائندگی کے لیے بھیجا جائے گا۔
اگر میڈیا رپورٹس صحیح ہوئیں تو شاہ رخ خان کی تیسری فلم ہوگی جسے آسکر کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ اس سے قبل،ان کی 2004 کی فلم سوادیس اور 2005 کی فلم پہیلی بھی آسکر کی نامزدگی کے لیے بھیجی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ راج کمار ہیرانی کی فلم ’ڈنکی‘ کو آسکر کی نامزدگیوں کے لیے زیر غور لانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوری 2023 میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز ہوئی جس کے بعد ان کی ایک اور فلم جوان ریلیز ہوئی اور دونوں نے ہزار، ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان کی فلم ڈنکی ریلیز ہوئی تھی جو آج بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے۔ فلم میں بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کی مشکلات کا احاطہ کیا گیا ہے اور دکھایا گیا ہے کہ انھیں کتنی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔