سعودی عرب کے شہر تبوک میں ضبا روڈ جامعہ پل پر 20 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی اخبار کے مطابق حادثہ منگل کے روز تبوک کے ضبا روڈ جامعہ پل پر پیش آیا جہاں 20 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
متعدد گاڑیاں ٹکرانے کے باعث پل پر ٹریفک جام ہوگیا درجنوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں اور صورتحال قابو سے باہر نظر آئے لگی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر محکمہ ٹریفک بریگیڈیئر علی مھذل القحطانی اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ محکمہ ٹریفک نے حادثے کا شکار گاڑیوں کو پل سے ہٹا کر ٹریفک کو بحال کرایا۔
حادثے کے حوالے سے ٹریفک ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال ہے۔
محکمہ ٹریفک نے مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں کیونکہ یہ قابل سزا جرم ہے۔
واضح رہے کہ موبائل فون کا استعمال ہماری زندگیوں میں اتنا بڑھ چکا ہے کہ لوگ بلاخوف وخطر دوران ڈرائیونگ بھی موبائل فون کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں اور اس کے نتیجے میں کئی سنگین حادثات رونما ہوچکے ہیں۔