جمعرات, جولائی 16, 2026
اشتہار

سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچادی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچادی، تیزہواؤں سے سولرپلیٹوں، گھروں کی چھتوں کوجزوی نقصان پہنچا جبکہ آگ لگنے سے 40 سے زائد گھر خاکستر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان آیا جس سے شدید گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

مٹی کے شدید طوفان اور موسلا دھار بارش کے باعث مواصلاتی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، سکھر اور گردونواح میں حدِ نگاہ انتہائی متاثر ہوئی جبکہ سیپکو ریجن کے 60 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے وسیع علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

کشمور اور کندھ کوٹ میں بھی تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کی وجہ سے شہریوں کی سولر پلیٹیں اڑ گئیں اور کئی گھروں کی چھتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

جنوبی پنجاب کے علاقے علی پور کے موضع ڈھاکہ، باقر شاہ اور بستی بگٹی میں آندھی کے دوران اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ تیز ہوا کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بستی بگٹی کے 40 سے زائد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔

واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد شدید جھلس گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ملک میں داخل ہونے والے اس مغربی سسٹم کے تحت صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق 2 سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع: راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور حافظ آباد شامل ہیں۔

انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آندھی اور طوفان کے پیش نظر کچے مکانات اور ہارڈنگ بورڈز کے گرنے جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں