کراچی (29 اکتوبر 2025): شہر قائد میں نئے فیس لیس سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای ٹکٹ جاری ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اور دوسرے ہی دن ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی چالان جاری ہو گیا، کیوں کہ ان کی گاڑی بھی کیمرے کی نظر سے نہ بچ سکی تھی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کا چالان جاری ہوا ہے، اور 2 پوائنٹ ڈی میرٹ کے ساتھ 10 ہزار کا چالان جاری کیا گیا ہے۔
یہ چالان گزشتہ روز جاری کیا گیا، جس کی ڈیو ڈیٹ 19 نومبر ہے، مذکورہ سرکاری گاڑی ایکسائز میں آئی جی سندھ کے نام پر رجسٹرڈ ہے، چالان کے مطابق گاڑی لیاری ایکسپریس وے گارڈن پر تھی اور گاڑی چلانے والے نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھا ہوا تھا۔
ای چالان کا دوسرا روز، 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 301 شہری نشانے پر آ گئے
پیر محمد شاہ نے چالان کے حوالے سے بتایا ’’میری گاڑی کا چالان ہوا ہے اور مجھے اس کا آج پتا چلا ہے، گاڑی میرا ڈرائیور لے کر گیا تھا جس کا چالان ہوا ہے۔‘‘ انھوں نے تصدیق کی کہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر ان کی گاڑی کو چالان جاری کیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔



