لاہور (17 جولائی 2026): ای چالان سے بچنے کیلیے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ پر نام لکھوانے والا شہری بڑی مشکل میں پھنس گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ای چالان سے بچنے کیلیے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ پر اپنی قوم کا نام لکھوانے والے ملزم کو پکڑ لیا، اس کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اب تک جعلی نمبر پلیٹس پر 103 موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود میں پولیس نے جعلی نمبر پلیٹ والی سرکاری گاڑی پکڑی اور ڈرائیور کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں جعلی نمبر پلیٹ کا چالان شہدادپور میں پہنچ گیا
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ ڈرائیور کی شناخت زرق خان کے نام سے ہوئی جس نے پرائیویٹ گاڑی کو جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، جانچ پڑتال پر گاڑی نجی کمپنی کے نام رجسٹرڈ پائی گئی۔
درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم زرق خان گرین کلر کی نمبر پلیٹ استعمال کر کے دفعہ 420 کا مرتکب ہوا۔
اس سے ایک روز قبل ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے شاہراہوں پر چلنے والی ہر گاڑی کیلیے ای ٹیگ لازمی قرار دیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے ای ٹیگ اسٹیکرز 18 نومبر سے جاری ہوں گے۔


