(29 ستمبر 2025) پاکستان میں الیکٹرک وہیکل متعارف کرائی جا رہی ہے سندھ میں ای وی ٹیکسی سب سے پہلے کس کو دی جائے گی اہم خبر آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان اولین 10 ممالک میں شامل ہے۔ فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکٹریکل وہیکل ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔ سندھ میں اس حوالے سے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں رواں برس الیکٹرک وہیکل ٹیکسی (ای وی ٹیکسی) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ودیگر نے شرکت کی۔
شرجیل میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ پاکستان میں پہلی بار اپنی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہی ہے اور کوشش ہے کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس بھی عوام کو فراہم کر دی جائے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خواتین کے لیے پہلی ای وی ٹیکسی شروع کر رہی ہے اور ابتدائی مرحلے میں خواتین کے لیے ای وی ٹیکسیاں مخصوص کی جائیں گی۔
انہوں نے یہ خوشخبری بھی سنائی کہ کراچی کی ٹرانسپورٹ میں ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ مزید ای وی بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ای وی گاڑیوں کیلیے انفرااسٹرکچر اور چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری پر کام جاری ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔


