اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے گردو نواح اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگ خوف و ہراس میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، روالپنڈی اور گرد نواح کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں 3.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
جڑواں شہروں سمیت سوات ، مری اور گرد نواح میں بھی لوگ خوف و ہراس کے باعث کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ کی طرف منتقل ہوئے، خوش قسمتی سے زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005 میں آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا ہوا تھا، متاثرہ علاقوں میں آج بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔