حیدرآباد: مٹھی اور تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہوگئے اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق مٹھی تھرپارکر اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے مٹھی شہر، اسلام کوٹ، ڈیپلو اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے باعث علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز تھرپارکر کے علاقے میں تھا، جبکہ زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔
گذشتہ ہفتے پاکستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز تاجکستان کا شمالی علاقہ تھا، جس کی گہرائی ایک سو انسٹھ کلومیٹرتھی۔
زلزلے کے جھٹکے سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور ، قریبی علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے جبکہ مظفرآباد، وادی نیلم اور لیپہ ویلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور دعائیں مانگتے رہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


