اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت مذہبی امور کو حجاج کیلئے حج کو آسان اور سستا بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو حج کے حوالے سے اقدامات اور حج پالیسی 2024ء کی تیاری کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انوارالحق کاکڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حج جیسے اہم مذہبی فریضے کی انجام دہی کو حجاج کے لیے آسان اور سستا بنانے کیلیے اقدامات اٹھائے جائیں اورانتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کم خرچے میں بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کو بھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حج پالیسی جلد سے جلد وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے۔