میتھی کے بیج فائبر، آئرن، اور پروٹین سے بھرپور ایک انتہائی غذائیت بخش چیز ہے، جو ذیابیطس (شوگر) کو کنٹرول کرنے، ہاضمہ بہتر بنانے، وزن کم کرنے اور بالوں کی صحت کے لیے بہترین ہے۔
میتھی کے بیج صدیوں سے قدرتی دوا کے طور پر استعمال ہوتے آرہے ہیں اور جدید تحقیق بھی ان کے کئی طبی فوائد کی تصدیق کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر میتھی کے بیج رات بھر پانی میں بھگو کر صبح خالی پیٹ استعمال کیے جائیں تو یہ صحت کے لیے مزید مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
میتھی کے بیج وٹامن اے، بی، سی اور کے کے علاوہ فائبر، آئرن، میگنیشیم، مینگنیج اور پوٹاشیم جیسے اہم معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں، جو جسم کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھیگی ہوئی میتھی بلڈ شوگر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس میں موجود فائبر ہاضمے کے عمل کو سست کر دیتا ہے جس سے کاربوہائیڈریٹس اور گلوکوز کے تیزی سے جذب ہونے کا عمل کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ میتھی میں موجود ایک خاص جزو انسولین کی پیداوار کو بڑھانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
شوگر میں مفید
تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ تقریباً 10 گرام میتھی کا استعمال انسولین کے خلاف مزاحمت کو کم کرنے اور ذیابیطس کے خطرے کو گھٹانے میں مدد دے سکتا ہے۔
ہاضمے کے مسائل
میتھی ہاضمے کے نظام کے لیے بھی فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔ اس میں موجود فائبر آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش میں مدد دیتا ہے جس سے قبض، گیس، تیزابیت اور اپھارہ جیسے مسائل میں کمی آسکتی ہے۔
وزن کنٹرول
وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی میتھی مفید قرار دی جاتی ہے کیونکہ اس کا فائبر پیٹ کو دیر تک بھرا محسوس کراتا ہے، جس سے زیادہ کھانے کی عادت کم ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق میتھی میں موجود پروٹین، فائبر اور میگنیشیم پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں اور ورزش کے بعد ہونے والی تھکن یا درد میں کمی لا سکتے ہیں۔
کولیسٹرول کنٹرول
اس کے علاوہ میتھی خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مددگار سمجھی جاتی ہے، جس سے دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔
دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے
دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بھی میتھی فائدہ مند مانی جاتی ہے کیونکہ اس کے استعمال سے دودھ کی پیداوار بڑھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ حاملہ خواتین یا ذیابیطس کے مریض میتھی کا باقاعدہ استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


