ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں اسلام آباد، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان، ایران اور ترکی کے مابین رابطے فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سیکریٹری جنرل کو ایم ایل ٹو اور تھری منصوبے اور کوئٹہ، تافتان ریلوے لائن اپ گریڈنگ منصوبے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنظیم ریل نیٹ ورک کے فروغ میں تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تافتان منصوبے کو بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گا۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مالی شراکت داری کے لیے ای سی او ترقیاتی بینک سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

علاوہ ازیں وہ وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں