کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تین سیاسی جماعتوں کی جانب سے دائر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249کے ضمنی انتخاب کو ملتوی کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان)، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن میں این اے 249 کے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کو مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی الیکشن کی پولنگ سے 48 گھنٹے قبل تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیاں بند کرنے کی پابند ہیں، ای سی پی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر امیدوار کو سزا کا مرتکب قرار دیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو 2 سال قید اور جرمانہ کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کا وقت 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب ختم ہوجائے گا جبکہ بیلٹ پیپر کی ترسیل ایک روز قبل ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں سے درخواست کی کہ انتخابی اصولوں کی پاسداری کریں تاکہ 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کا پر امن طور سے انعقاد ہوسکے۔
دوسری جانب نمائندہ اے آر وائی نیوز انور خان سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ضلعی ریٹرننگ افسر نے بتایا کہ ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہی ہوگا، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے، جنہیں دو دن میں الیکشن کمیشن کے حوالے کردیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ندیم حیدر نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز منتقل کیے جائیں گے، جن پر کالعدم سیاسی و مذہبی جماعت تحریک لبیک کے امیدوار کے نام اور انتخابی نشان سمیت 30 امیدواروں کے نام و نشان درج ہیں۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد اور سیکیورٹی انتظامات
ندیم حیدر نے بتایا کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار ہے، پولنگ کے لیے 276 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں سے 185 کو انتہائی حساس اور 91 کو حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 پولیس اہلکار جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 8 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر پولنگ اسٹیشنز پر 3 سے 4 رینجرز جوان بھی موجود ہوں گے جبکہ پولیس اور رینجرز امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے گشت کرے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’پولنگ کے روز حلقے میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ ایک ہزار کے قریب رینجرز کے جوان ڈیوٹی دیں گے‘۔