اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوران بنوں کے پولنگ اسٹیشن پرحملے کا الزام ثابت ہونے پر صوبائی وزیرشاہ محمد شاہ کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں ضلع بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن و امان کیس میں اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر شاہ محمد کو ذمہ دار قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے الزامات ثابت ہونے پر صوبائی وزیر شاہ محمد کو پانچ سال کے لئے نااہل قرار دیا جبکہ صوبائی وزیر شاہ محمد کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے ایم پی اے شاہ محمد کو ڈی نوٹیفائی کردیا ، شاہ محمد بکا خیل بلدیاتی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر حملہ میں ملوث تھے۔
یاد رہے بنوں کے علاقے نرمی خیل میں رات گئے4 پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کیا اور پولنگ کا سامان اٹھا کرلے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلح نقاب پوشوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی اور وہ 50 سے 60 گاڑیوں میں سوار ہوکر پولنگ اسٹیشنوں پر آئے تھے، واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے مذکورہ علاقے میں پولنگ ملتوی کردی تھی۔