اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کی جانب سے پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے وقت میں چوتھی بار توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن نے پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے وقت میں 10 بجے کی توسیع کی تھی لیکن اب رات 11 بجے تک امیدوار پارٹی ٹکٹ جمع کروا سکتے ہیں۔ آج پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے۔
دوسری جانب، الیکشن کمیشن آج تمام جماعتوں کے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کرے گا اور امیدواروں کو آج ہی انتخابی نشان بھی الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی اور عبوری لسٹ لگانے کا انتخابی مرحلہ مکمل ہوا، اسکرونٹی، اپیلٹ ٹریبونل میں اس کے خلاف اعتراضات اور کاغذات کی واپس لینے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
آج امیدواروں کو نشان الاٹ کر کے حتمی انتخابی فہرستیں جاری ہوں گی اور 8 فروری کو ملک بھر میں پولنگ ہوگی۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان کی مکمل فہرست جاری کی تھی جس میں بلے کا نشان فہرست میں موجود نہیں تھا۔ سیاسی جماعتوں کیلیے 145 جبکہ آزاد امیدواروں کیلیے 177 انتخابی نشان فہرست میں مخصوص ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 13 سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کرتے ہوئے 2 سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔