اسلام آباد : پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا جبکہ ،نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان پر فیصلہ کل تک ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان نے کی ، اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے ناموں پر غور کیا گیا۔
اپوزیشن نے حسن عسکری، ایاز امیر کے نام تجویزکئے جبکہ حکومت نے ایڈمرل(ر)محمدذکااللہ ، جسٹس(ر) سائرعلی کے نام تجویز کئے تھے۔
ایڈیشنل سیکریٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا، فیصلہ متفقہ طورپرکیا ، حسن عسکری کا نام پی ٹی آئی نے تجویز کیا تھا۔
ایڈیشنل سیکریٹری نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان پرفیصلہ کل تک ہو جائے گا۔
نگران وزیراعلٰی کا منصب بھاری ذمےداری ہے، پوری صلاحیتوں سے ذمےداری نبھاؤں گا، حسن عسکری
نامزد نگراں وزیراعلٰی پنجاب حسن عسکری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلٰی کا منصب بھاری ذمےداری ہے، پوری صلاحیتوں سے ذمےداری نبھاؤں گا۔
حسن عسکری کا کہنا تھا کہ شفاف اور غیرجانبدارانتخابات کیلئےالیکشن کمیشن کوسپورٹ کریں گے، صوبے کے معمول کے انتظامی امور باہمی مشاورت سے چلائیں گے، میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہ تھا نہ ہوگا۔
پروفیسرحسن عسکری کون ہیں ؟
پروفیسرحسن عسکری پاکستان کے معروف سیاسی تجزیہ نگار ہیں، وہ اایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں، حسن عسکری نے یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے پی ایچ ڈی مکمل کیا اور بطور پروفیسردنیا کی مختلف جامعات میں خدمات انجام دی۔
پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر بھی رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔
حسن عسکری کو جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی امور پر خصوصی دسترس حاصل ہے، وہ اخبارات اور جرائد میں آرٹیکل بھی لکھتے رہے ہیں جبکہ انھوں نے جمہوریت اور سیاست پر کئی کتابیں لکھی۔
حسن عسکری کو سال 2010 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔