اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کو دے دی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع کے 16 حلقوں میں انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا، سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کو دے دی۔
الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قبائلی اضلاع کے حلقوں کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے، پاک فوج کے جوان انتخابی عملے کی تربیت گاہوں کی بھی حفاظت کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاک فوج پرنٹنگ پریس پر 5 جولائی سے تعینات ہوگی، پاک آرمی کے جوان پولنگ اسٹیشنز پر 18 تا 21 جولائی تک تعینات رہیں گے۔
قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورت حال بہتر رکھنے کے لیے پاک فوج کی اضافی نفری ریزرو رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ 12 جون کو الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات 18 روز کے لیے موخر کرتے ہوئے پولنگ 20 جولائی کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ 2 جولائی کو ہونا تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاف کے مطابق تمام قبائلی اضلاع میں سرکاری ملازمین کے تقررو تبادلوں پر پہلے سے پابندی عائد ہے، 20 جولائی تک ان علاقوں میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم بھی شروع نہیں کی جاسکے گی۔