The news is by your side.

Advertisement

اراکین اسمبلی کے گوشواروں کی تفصیلات جاری، وزیراعظم امیر ترین شخصیت قرار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2016 کے مالی گوشوارے جاری کردیئے ، وزیراعظم نواز شریف اراکین پارلیمنٹ میں امیر ترین شخصیت کے طور پر سامنے آئے، وہ 1 ارب 62 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں ۔

الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی جانب سے جمع کروائی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ حسین نواز نے 23 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد رقم انہیں بیرون ملک سے بھجوائی جبکہ وزیراعظم کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، گوشواروں میں وزیراعظم نے جاتی عمرہ رائے ونڈ کی جائیداد کی قمیت 40 لاکھ روپے ظاہر کی۔

لاہور میں جائیداد کی مالیت 25 کروڑ روپے

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی علاوہ ازیں وزیراعظم کے پاس 70 لاکھ روپے کا فرنیچر اور 50 لاکھ کے جانور اور پرندے بھی موجود ہیں۔

کلثوم نواز کے زیورات کی مالیت 15 لاکھ روپے

گوشواروں میں وزیراعظم نے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے زیورات کی مالیت 15 لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ تین گاڑیاں اور دو ٹریکٹر کے بھی وزیراعظم کی ملکیت میں ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر کے 1 کروڑ 42 لاکھ روپے کےاثاثے

نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر ) صفدر 1 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں،کیپٹن صفدر نے اہلیہ مریم نواز کو 60 لاکھ روپے مالیت کی یو اے ای سے ملنے والی گاڑی بھی اثاثوں میں ظاہر کی جبکہ اہلیہ مریم نواز کی مزید جائیداد کا گوشواروں کی تفصیلات میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر ) صفدر نے سعودی عرب میں اپنی گاڑی کی فروخت کے عوض حاصل ہونے والی رقم 20لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

اسحق ڈار 58 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک

وزیر خزانہ اسحق ڈار 58 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، اسحاق ڈار نے اثاثوں میں 23 ہزار 825 روپے کا اسلحہ بھی ظاہر کیا،جبکہ انہوں نے ظاہر کیا کہ وہ بیرون ملک کسی جائیداد کے مالک نہیں ہیں۔

حمزہ شہباز کے پاس 35 کروڑ روپے کے اثاثے

حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

عمران خان کے 1 ارب 40 کروڑ روپے کے اثاثے

تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے گوشواروں میں عمران خان نے 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کی ملکیت ظاہر کی۔

بنی گالہ تحفہ، بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں

عمران خان کے گوشواروں کے مطابق اُن کے بیرون ملک میں کوئی اثاثے نہیں تاہم بنی گالہ اراضی کی موجودہ مالیت 75 کروڑ روپے ظاہر کی اور بنی گالہ اراضی کو تحفہ ظاہر کیا ہے۔

خان ہاوئس میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ ،بنی گالہ باؤنڈری کی مالیت 69 لاکھ

عمران خان نے خان ہاوئس میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ جبکہ بنی گالہ کے گرد باؤنڈری وال کی مالیت 69 لاکھ روپے ظاہر کی، عمران خان نے وراثت میں ملنے والے زمان پارک گھر کی مالیت 29 کروڑ 60 لاکھ ظاہر کی اور انہوں نے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری بھی ظاہر کی۔

عمران خان کے پاس ذاتی کوئی گاڑی نہیں

چیئرمین تحریک انصاف کے گوشواروں کے مطابق عمران خان کے پاس 6 لاکھ کا فرنیچر ،2 لاکھ مالیت کی چار بکریاں ہیں تاہم  اس وقت اُن کے پاس کوئی ذاتی گاڑی موجود نہیں ہے، عمران خان کے پاس ایک گاڑی تھی جو انہوں نے سال 2016 میں فروخت کردی تھی۔

جہانگیر ترین 78 کروڑ، قریشی کے پاس 50 کروڑ کے اثاثے

جہانگیر ترین نے 78 کروڑ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کیے جن میں ہیلی کاپٹر اور جہاز کا زکر نہیں کیا، جہانگیر ترین نے استعمال میں پانچ گاڑیاں ظاہر کیں جبکہ شاہ محمود قریشی 50 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کےمالک ہیں ۔

شیخ رشید کے پاس 4 کروڑ 75 لاکھ روپے کے اثاثے

شیخ رشید 4 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

مولانا فضل الرحمن 64 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 64 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

چوہدری نثار

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق 19 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

اعتزاز احسن

اسی طرح سینیٹر اعتزاز احسن نے الیکشن کمیشن میں 10 کروڑ روپے سے زائد اثاثے ظاہر ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں