اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ تیرہ ستمبر کو محفوظ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ آج فیصلہ سنایا جائے گا، ممبر نثار درانی کی سربراہی میں کمیشن 12بجے فیصلہ سنائے گا۔
انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کے لیے نااہل کیوں نہ کیا جائے۔
جس ہر پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن پارٹی آئین میں ترمیم سے پہلے ہوئے ، بعد میں ہم نے ترامیم واپس لے لی ہیں ، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
خیال رہے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن میں 2022 سے زیر التوا ہے، کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا تھا، الیکشن ایکٹ کیمطابق تمام سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازم ہے۔