تازہ ترین

مصر میں 70سالہ مذہبی رہنما کو 15 سال قید کی سزا

قاہرہ : مصر کی ایک عدالت نے سابق صدارتی امیدوار 70 سالہ عبدالمنعم ابوالفتوح سمیت اخوان المسلمون کے متعدد رہنماؤں کو جھوٹی خبریں پھیلانے اور ریاست کے خلاف سازش کے الزامات کے تحت سخت سزائیں سنادیں۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق یہ سزائیں اتوار کے روز قاہرہ کی عدالت میں سنائی گئی ہیں۔ اسٹرانک ایجپت پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق صدارتی امیدوار 70 سالہ عبدالمنعم ابوالفتوح کو 15 برس قید کی سزا دی گئی ہے۔

اسی پارٹی کے نائب سربراہ محمد القصاص کو 10 برس، اخوان المسلمون کے سابق سپریم گائیڈ محمد عزت کو 15برس قید کی سزا سنائی گئی ہے، وہ پہلے ہی جیل میں عمر قید کی متعدد سزائیں بھگت رہے ہیں۔

واضح رہے کہ انسانی حقوق کے گروپوں نے مصر میں اس طرح کی اجتماعی سزاؤں پر متعدد مرتبہ تنقید کی ہے اور حکام سے منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت گروپوں کا کہنا ہے کہ ابو الفتوح اور القصاص جیسے افراد کی گرفتاریاں اور ٹرائل اختلاف رائے کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جس میں نہ صرف اسلام پسند سیاسی مخالفین بلکہ جمہوریت نواز کارکنوں، صحافیوں اور آن لائن ناقدین کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

Comments