تازہ ترین

مصر کی ملٹری عدالت نے چارسال کے بچے کو عمرقید کی سزا سنادی

قاہرہ: مصرکی فوجی عدالت نے چارسال کے بچے کو قتل کے الزام میں عمرقید کی سزا سنادی، مذکورہ بچہ قتل کے وقت محض ایک سال کا تھا۔

مصرکے ملٹری حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ملٹری عدالت نے غلطی سے چارسالہ احمد منصور کورانی کو چارقتل، آٹھ اقدامِ قتل، توڑپھوڑ، نقص امن اور پولیس افسران کو دھمکانے کے الزام میں عمرقید کی سزا سنادی تھی حالانکہ مذکورہ جرائم کے وقت احمد کی عمرمحض ایک سال تھی۔

بچے کے والد نے مصر کے نجی ٹی وی پراپنے اوپرگزرنے والی روداد بیان کی تو عوام میں تہلکہ مچ گیا، والد کے مطابق اپنے چارسالہ بچے کے خلاف ہونے والی کاروائی سے روکنے کے جرم میں اسے چارماہ قید رکھا گیا۔

والد نے میڈیا پربتایا کہ افسران اسکے گھرآئے اورچارسالہ احمد کے بارے میں استسفارکیا جب اس نے انہیں بتایا کہ احمد محض ایک بچہ ہے تو ملٹری افسران نے اسے ایک گمراہ کرنے کی کوشش سمجھا اور اسے جیل میں ڈال دیا تاہم چار ماہ بعد جج کو احساس ہوگیا کہ وہ اوراس کا بچہ بے قصورہیں۔

واضح رہے کہ احمد کو جنوری 2014 میں قاہرہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع صوبے فیوم میں فسادات کے جرم میں 116 افراد کے ہمراہ سزا سنائی گئی تھی۔

ملٹری حکام نے عوامی ردعمل کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے اسے عدالت کی غلطی تسلیم کیا اوروضاحت دی کہ اصل میں احمد کے سولہ سالہ ہم نام شخص کو سزا سنائی گئی ہے پرناموں میں مماثلت کے سبب یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔

Comments

- Advertisement -