بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

عید پر گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (23 مئی 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گلی، محلوں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی، جب کہ ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کے لیے ویجی لینس اسکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے عوام کو ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کے لیے جامع ابلاغ عامہ مہم چلانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ یہ ہدایات وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں دی گئیں جس میں عید پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بھی صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ عید پر ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔


خیبر پختونخوا حکومت کا عیدالاضحیٰ پر 4 چھٹیوں کا اعلان


پنجاب بھر میں نمایاں 2687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’عید پر صفائی کے لیے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ اعلیٰ صفائی پر انعام اور ستائش جب کہ شکایات پر سزا و جزا کا عمل بھی ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکریٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بریفنگ دی۔

مریم نواز شریف کی ہدایت پر نماز عید اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب اسپرے کیا جائے گا، جب کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں عید سے پہلے، عید کے دن اور عید کے تیسرے روز تک متحرک رہیں گی۔ یہ ٹیمیں صفائی سے متعلق عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لیے رکشوں پر منادی بھی کریں گی۔ عید صفائی آپریشن میں 176000 سینٹری ورکر اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔

جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کے لیے 3800 پرائمری کلیکشن سینٹر قائم کیے جائیں گے جب کہ 3100 ڈمپنگ سائٹس مقرر کی گئی ہیں۔ لاہور میں جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ ڈرین کی صفائی کے لیے ڈی واٹر مشینیں، جیٹر سیٹ اور سیکشن یونٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ ستھرا پنجاب عید آپریشن کے لیے صوبہ بھر میں 4500 خصوصی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

لاہور میں اجتماعی قربانی کے لیے 1200 قربان گاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات ہوں گے جب کہ ستھرا پنجاب آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں 40 ہزار سے زائد اضافی وہیکل استعمال ہوں گی۔ آپریشن کے لیے لوڈر رکشہ، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی اور پک اپ ہائر کی جائیں گی۔ چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائے گی۔

لاہور میں 285 کیٹل مارکیٹوں اور 171 سیل پوائنٹس پر ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی کے لیے تعینات ہوں گی جب کہ ستھرا پنجاب کے ہیلپ لائن نمبر 1139 پر کال کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

متعلقہ ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا اور میونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے جب کہ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے 11 مختلف سورس سے معلومات حاصل کرنے کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ عید کے تیسرے روز تمام کلیکشن پوائنٹ اور ڈسپوزل کلیئر کر دیے جائیں۔

اہم ترین

الفت مغل
الفت مغل
الفت مغل اے آر وائی نیوز لاہور سے وابستہ رپورٹر ہیں

مزید خبریں