پیر, جون 8, 2026
اشتہار

"کیا ملازمین کو عیدالاضحیٰ 9 دن کی طویل چھٹیوں مل سکیں گی؟”

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی : متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید الاضحی کی 6 روزہ سرکاری تعطیلات کو 9 دن کی طویل چھٹیوں میں تبدیل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے قریب آتے ہی نجی شعبے کے ملازمین پیر کے روز اضافی چھٹی حاصل کرنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں تاکہ 6 روزہ سرکاری تعطیلات کو 9 دن کی طویل چھٹیوں میں تبدیل کیا جا سکے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کے ملازمین کو منگل 26 مئی سے اتوار 31 مئی تک تعطیلات ملیں گی، جبکہ سرکاری ملازمین ہفتہ 23 مئی سے اتوار 31 مئی تک 9 روزہ تعطیلات سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ پیر 25 مئی کو بھی سرکاری عید تعطیل میں شامل کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین اضافی چھٹی کی درخواست دے سکتے ہیں، تاہم منظوری مکمل طور پر کمپنی کی پالیسی، کام کی نوعیت اور اسٹاف کی ضرورت پر منحصر ہوگی، خصوصاً صحت، ایوی ایشن، ہوٹلنگ، لاجسٹکس اور دیگر ضروری شعبوں میں جہاں تعطیلات کے دوران بھی خدمات جاری رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

یو اے ای میں ایک بین الاقوامی کمپنی سے وابستہ ماہر ایچ آر کے مطابق بغیر منظوری اضافی چھٹی غیر قانونی غیرحاضری تصور کی جا سکتی ہے، جبکہ ادارے چھٹیوں کی منظوری سے قبل کام کے دباؤ، اسٹاف کوریج اور ٹیموں میں توازن کو مدنظر رکھتے ہیں۔

قانونی ماہر کا کہنا ہے کہ یو اے ای لیبر لا نجی ملازمین کو اضافی چھٹی کی درخواست دینے کا حق دیتا ہے، لیکن حتمی فیصلہ کمپنی کے پاس ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں، ایئرپورٹس، ہوٹلوں، فوڈ ڈیلیوری، میڈیا، ٹرانسپورٹ اور دیگر ایمرجنسی سروسز میں کام کرنے والے ملازمین کو تعطیلات کے دوران بھی ڈیوٹی انجام دینا پڑ سکتی ہے۔

دوسری جانب کئی ملازمین اس ممکنہ طویل تعطیل کو خاندان کے ساتھ وقت گزارنے، آرام کرنے اور مقامی سفر کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دبئی میں مقیم پاکستانی شہری سید عباس نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے اضافی چھٹی لینا چاہتے ہیں، جبکہ دیگر ملازمین بھی عید کی طویل تعطیلات کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں