The news is by your side.

Advertisement

عید الفطر خریداری: مردوں کا کرتے پاجامے کی خریداری پر زور، نفیس کرتوں کی تلاش

کراچی : ملک بھر کی مارکیٹو ں میں عید کی خریداری عروج پر ہے، خواتین کے شانہ بشانہ مرد بھی دیدہ زیب اور نفیس کرتا پاجامہ اور شلوار قمیص کی تلاش میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مارکیٹوں میں گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی اور لوگ عید کے لیے اپنے پسندیدہ لباس خرید رہے ہیں۔ پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح معاشی حب کراچی میں جہاں خواتین عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہیں مرد بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں وہ بھی مارکیٹو ں سے دیدہ زیب اور نفیس کرتوں اور قمیص شلوار کی خریداری کے لیے بازار پہنچے۔

مرد زیادہ تر سادہ نفیس اور کاٹن کا سوٹ ہی پسند کرتے ہیں مگر اُن کی کوشش ہوتی ہے کہ ڈیزائن اور رنگ ایسا ہو جو دل کو بھا جائے۔ مارکیٹوں میں خواتین اور مردوں کے ساتھ بچے بھی آرہے ہیں تاکہ وہ اپنی پسند کے مطابق خریداری کریں اور عید پر اچھے سے اچھا لباس زیب تن کر سکیں۔

کراچی کی معروف مارکیٹ کاپریٹیو سے خریداری کرنے والوں کا رجحان گزشتہ سال کی نسبت امسال کرتے پاجاموں کی طرف ہے، عارف دکاندار کا کہنا تھا کہ ہر سال شلوار قمیص کی فروخت میں کمی ہورہی ہے البتہ کرتا پاجامہ کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے اور اب نوجوان پاجاموں کی مختلف اقسام طلب کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’’نوجوانوں کے رجحان کو دیکھتے ہوئے پاجاموں کے مختلف ڈیزائن بنائے گئے، جن میں حیدرآبادی پاجامہ، الہٰ بادی پاجامہ، کھڑا پاجامہ، چوڑی دار پاجامہ وغیرہ ہیں’’۔

مارکیٹ میں عام سادہ کرتا پاجامے کی قیمت 1200 سے شروع ہوکر چار ہزار روپے تک رکھی گئی جبکہ گاہک کی خواہش کے مطابق قیمت میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ خریداروں کا کہنا تھا کہ ’ہر سال قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے وہ اپنے پسند کے کپڑے خرید نہیں پاتے البتہ اگر ایک بھی خریدیں تو کوشش ہوتی ہے کہ وہ دیدہ زیب ہو‘۔

واضح رہے کہ مارکیٹوں کے بڑھتے ہوئے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس کے مستعدد بھی بازاروں کے اطراف میں واقع ٹریفک جام کی صورتحال کو قابو میں رکھ سکیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں