کراچی : شہر قائد میں ایک ماہ کے دوران آٹھویں بڑابریک ڈاؤن کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، کےالیکٹرک کی ایکسٹراہائی ٹینشن لائن ایک بار پھرٹرپ کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، ایک ماہ کے دوران کراچی میں آٹھویں بڑابریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں ڈیفنس، صدر، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
اس کے علاوہ لیاری، سائٹ، ناظم آباد اور دیگرعلاقوں میں بجلی غائب ہے، شہریوں نے متعلقہ حکام سے سوال کیا ہے کہ کیا کراچی میں تیسری سحری بھی بجلی کےبغیرہوگی؟
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی اورملیرمیں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے ملیر میں شارع فیصل پردھرنا دے کر سڑک بلاک کردی۔ مشتعل افراد کے الیکٹرک اور متعلقہ حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔
اس کے علاوہ شہرکے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کے بحران نے بھی سر اٹھا لیا، ٹینکرمافیا نے اپنے پنجے گاڑھ لئے،ہائیڈرنٹ مافیا2سے3ہزارروپےمیں پانی فروخت کررہے ہیں۔
اورنگی ٹاؤن، ملیر،نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے، شادمان ٹاؤن سیکٹرالیون ون سی اورٹومیں بھی پانی کی سپلائی نہیں کیا جارہا علاقہ مکینوں کی جانب سے واٹربورڈ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔