اسلام آباد : مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہیئے تھا، آخر وہ دنیا کو کیا بتانا چاہ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر چوہدری منظور ، فواد چوہدری اور مبشر زیدی بھی موجود تھے۔
اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے متنازع بیان کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر پچیس ارکان قومی اسمبلی نے نواز شریف سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ان سے کہا گیا کہ شہباز شریف کو آگے آنے دیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف قومی کمیشن کا مطالبہ کرکے دنیا کو کیا بتانا چاہ رہے ہیں؟ مسلم لیگ کے ایم این ایز نوازشریف کے اس بیان پر دکھی ہیں۔
اعجاز الحق نے کہا کہ متنازع بیان کے معاملے پرآل پارٹیز کانفرنس بلائی جانی چاہئے تھی، بھارت کو اے پی سی کے ذریعے ایک آواز ہوکر جواب دینا چاہئے تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔