تازہ ترین

الیکشن 2018: کل سے آر اوز کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کا مرحلہ شروع ہوگا

اسلام آباد: الیکشن 2018 کے تحت آج امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوگیا، کل سے آر اوز کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کا مرحلہ شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب کل سے نیا مرحلہ شروع ہو رہا ہے جس کے تحت ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے مرحلے میں کئی بڑے سیاسی ناموں کے کاغذات مسترد اور منظور ہوئے ہیں، 21 ہزار 482 امیدواروں کو اسکروٹنی کے عمل سے گزارا گیا۔

ذرائع کے مطابق مجموعی امیدواروں میں نادہندہ اور دُہری شہریت کے حامل امیدوار 11 فی صد ہیں، یہ وہ تناسب ہے جن کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدوار کل سے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرسکیں گے جس کے لیے ملک بھر میں مختلف اپیلٹ ٹریبونلز قائم کر دیے گئے ہیں۔

آر اوز کے فیصلوں کو اپیلٹ ٹریبونلز میں چیلنج کرنے کا مرحلہ 22 جون تک جاری رہے گا، جس کے بعد یہ ٹریبونلز 27 جون تک فیصلوں کے خلاف درخواستوں کو نمٹائیں گے۔

الیکشن 2018: انیس ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے


ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ درخواستوں کو نمٹائے جانے کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو شائع کردی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 29 جون تک الیکشن سے دست بردار ہوسکتے ہیں کیوں کہ امیدواروں کو انتخابی نشان 30 جون کو الاٹ کیے جائیں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -