الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے کوائف پرنٹنگ کارپوریشن کو بھیج دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلیے کوائف پرنٹنگ کارپوریشن کو بھیج دیے ہیں۔ آر اوز کی جانب سے تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جا چکے ہیں۔ اب انتخابی نشان تبدیل نہیں ہو سکے گا اور آزاد امیدوار بھی اپنے نشانات و تبدیل نہیں کرا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کم ہے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں بھی وقت لگے گا اس لیے جو نشانات جاری کیے جا چکے ہیں وہی برقرار رہیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان اور سندھ کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کراچی میں ہو گی۔ پہلے بلوچستان کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی پرنٹنگ کارپوریشن میں ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو 146 جب کہ آزاد امیدواروں کے لیے 177 انتخابی نشانات مختص کیے تھے۔