The news is by your side.

Advertisement

حمزہ شہباز کا الیکشن اور حلف برداری غیر آئینی ہے، پنجاب کابینہ کا اعلامیہ

پنجاب کابینہ نے گورنر ہاؤس پر پولیس کی چڑھائی کی مذمت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا الیکشن اور حلف برداری کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ہوا جس میں گورنر ہاؤس میں پیدا شدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ گورنر پنجاب کے آئینی احکامات موجود ہیں، اس صورتحال میں حمزہ شہباز کا حلف صوبے میں مزید آئینی بحران پیدا کرے گا۔

کابینہ اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کا الیکشن بھی غیر قانونی اور غیر آئینی تھا اور حلف بھی غیر آئینی ہے، انتظامیہ موجودہ صورتحال میں فریق نہ بنے، پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی طرف سے ہائیکورٹ میں اپیل زیر سماعت ہے، بحران سے بچنے کے لیےعدالتی احکامات کا انتظار کرنا چاہیے۔

اعلامیے میں پولیس کے ذریعے گورنر ہاؤس پر چڑھائی اور قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فسطائیت نہ کی جائے، کابینہ کا آج کا اجلاس گورنر کے احکامات کے تحت ہوا ہے، اجلاس کی آئینی اور قانونی حیثیت مسلمہ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنرکے احکامات کی تشریح کے لیےعدالت عالیہ ہی مناسب فورم ہے، تشریح کے لیےعدالت سے رجوع کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے پنجاب کابینہ کو بحال کردیا۔

مزید پڑھیں: گورنر نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کردیا ، پنجاب کابینہ بحال

گورنر پنجاب عمرچیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کردیا،  گورنر نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کرکے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں