The news is by your side.

Advertisement

ایم کیو ایم کی شکایت پر الیکشن کمیشن کا ایکشن

کراچی:  متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے این اے 240 کورنگی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو عہدے سے ہٹادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے  این اے 240 کے ڈی آر او کیخلاف درخواست جمع کروائی گئی تھی، درخواست ایم کیو ایم رہنما کنور نوید کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس میں ڈی آر او کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ ڈی آر او نے پی پی امیدوار کو فائدہ پہنچانے کیلئے الیکشن سے قبل ہی دھاندلی شروع کردی ہے۔

ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ڈی آر او حکومتی جماعت کے امیدوار کو سپورٹ کررہے ہیں اور ان کی جانب سے بار بار پولنگ اسکیم بھی تبدیل کی جارہی ہے جبکہ ایک بلڈنگ میں 7 سے 8 پولنگ اسٹیشن بنائے جارہے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

ایم کیو ایم کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ڈی آر او پرویز کلہوڑو کو ہٹا کر ان کی جگہ ریجنل الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کو نیا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کردیا ہے۔

خیال رہے کہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 16 جون کو ہوگی، قومی اسمبلی کی نشست ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے، انتخابات میں مختلف جماعتوں اور آزاد حیثیت میں 25 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ تحریک انصاف نے کسی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا ہے۔

حلقہ کے 5 لاکھ 29 ہزار 855 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جب کہ پولنگ کے لیے 100 مرد، 99 خواتین اور 110 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 240 کورنگی ٹو کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار د دیے ہیں، مجموعی طور پر 309 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 203 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار، جب کہ 106 پولنگ حساس قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق این اے 240 میں کوئی بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے، کورنگی کے علاقے میں 182 اور لانڈھی میں 127 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جا چکے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں