اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ترمیم شدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا، شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 4 سے 8 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 8 جون کو آویزاں کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے واضح کردیا کہ باقی انتخابی شیڈول حسب سابق ہی رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے کاغذاتِ نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق برقرار رکھنے کا بھی اعلان کردیا، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر کی جاسکیں گی، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل 26 جون تک اپیلیں نمٹائیں گے۔
کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار‘ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس شروع
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ انتخابات میں تاخیر کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہوگی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے کاغذاتِ نامزدگی کالعدم قرار دیے جانے کے بعد ملک میں انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں شکوک و شبہات پائے جارہے تھے تاہم آج سپریم کورٹ کے اہم ترین فیصلے کے بعد تمام خدشات مٹ گئے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔