الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عدالتوں سے نشان تبدیل ہوئے تو متعلقہ حلقوں میں الیکشن ملتوی کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ اگر عدالتوں کی جانب سے الاٹ کردہ انتخابی نشانات تبدیل ہوئے تو متعلقہ حلقوں میں الیکشن ملتوی کرسکتے ہیں۔
انتخابی نشانات کی تبدیلی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی زیرِصدارت اجلاس ہوا، جس میں مختلف حلقوں میں انتخابی نشان کی تبدیلی پر درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہوگئی ہے، اجلاس میں نشانات کی تبدیلی پر ہائی کورٹس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ڈی آر اوز کو انتخابی نشان تبدیل کرنے سے روکنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ انتخابی نشان تبدیل کرنا مقصود ہو تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔