اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف ارکان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنسز کے کیس میں الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سنایا تھا، اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لی جائے گی، اور الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیس کا فیصلہ سنائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 25 منحرف ایم پی ایز کے خلاف کیس کا گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، انحراف پارلیمانی جمہوریت کو عدم استحکام سے دوچار کرتا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ واضح نہیں کیا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف رکن کی نااہلی کتنی ہوگی، عدالت نے مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال صدر کو واپس بھجواتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کی نااہلی کے لیے قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، وقت آ گیا ہے کہ منحرف ارکان سے متعلق قانون سازی کی جائے۔