کراچی: سندھ اسمبلی کے سیکریٹری نے نئے وزیراعلیٰ کےانتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے 28 جولائی کو کاغزات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں جب کہ 29 جولائی کو وزیراعلیٰ کا انتخاب ہو گا۔
پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے صوبے میں انتظامی تبدیلیوں کے لیے بڑے فیصلوں کے بعد سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے استعفیٰ لے کر نئے وزیر اعلیٰ کے لیے سید مراد عالی شاہ کو نامزد کردیا گیا ہے جس کے بعد آج قائم علی شاہ نے گورنر سندھ کو اپنا استعفیٰ جمع کرادیا جسے دوری طور پر منظور کر لیا گیا ہے
استعفی کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کے سیکرٹری نے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے بعد تحت سندھ اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے لیے 28جولائی کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں جب کہ 29جولائی کو اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
واضح رہے پیپلزپارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیاگیا ہے جو اپنی کابینہ کے ہمراہ جمعہ کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، ان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی جہاں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان ان سے حلف لیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کی کابینہ میں نثار کھوڑو کو وزیر داخلہ یا وزیر خزانہ کا قلمدان سونپا جا سکتا ہے جب کہ تعلیم کا قلمدان شہلا رضا کو ملنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ منظور وساں کو بھی دوبارہ سندھ کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔