ملک ایک بار پھر انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، الیکشن میں بڑے بڑے سیاستدان میدان میں اترے ہیں ، جو وزیراعظم، وزیراعلیٰ، گورنر، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی وزراء کے عہدوں پر رہ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کا جہاں ہر پاکستانی کو انتظار ہے، وہیں یہ الیکشن پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بھی بنے ہوئے ہیں۔
الیکشن دو ہزار چوبیس میں بڑے بڑے سیاستدان ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے اور بڑے حلقوں میں تگڑے مقابلے ہوں گے،
این اے ایک سو تیس لاہور سے قائد ن لیگ میاں نوازشریف کا مقابلہ پی ٹی آئی کی یاسمین راشد سے ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو این اے ایک سو ستائیس لاہور سے میدان میں اتریں گے، جہاں پی ٹی آئی امیدوار ظہیر عباس اور لیگی رہنما عطاتارڑمدمقابل ہوں گے۔
شہباز شریف این اے ایک سو تئیس سے میدان میں ہیں، جہاں تحریک انصاف کے ایڈووکیٹ افضال عظیم اور پیپلز پارٹی کے رانا ضیا الحق سے کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
این اے ایک سو بائیس لاہور سے سعد رفیق اور لطیف کھوسہ آمنے سامنے ہیں جبکہ این اے انیس لاہور میں مریم نواز کے مقابلے پر پیپلز پارٹی نے افتخار شاہد کا انتخاب کیا ہے۔
این اے سو فیصل آباد سے ن لیگ کے رانا ثنااللہ کو پی ٹی آئی کے ڈاکٹر نثار حسین ٹف ٹائم دیں گے جبکہ این اے چھیاسٹھ پر ن لیگ کے احسن اقبال کا مقابلہ پی ٹی آئی کے کرنل (ر) جاوید سے ہوگا۔
این اے ایک سو اکہتر سیالکوٹ سے ن لیگ کے خواجہ آصف سے مقابلہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈار سے ہوگا۔
این اے چھپن روالپنڈی پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا لیگی امیدوار حنیف عباسی اور پی ٹی آئی کے شہریارریاض سے ہوگا۔
شاہ محمود قریشی ایک اے دو سو چوبیس تھر پارکر سے میدان میں اتریں گے، جہاں پیپلز پارٹی کے پیرا میر علیہ شاہ جیلانی انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔
این اے ایک سو سترہ لاہور سے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان الیکشن لڑ رہے ہیں تاہم ن لیگ نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا جبکہ این اے ایک سو پچپن لودھراں سے جہانگیر ترین میدان میں ہیں ، جہاں ن لیگ کے صدیق بلوچ مدد مقابل ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان این اے دو سو پینسٹھ پشین سے الیکشن لڑیں گے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سید ظہور آغا کریں گے۔
این اے تینتیس نوشہرہ ون سے پرویز خٹک کے مد مقابل پی ٹی آئی کے شاہدخٹک ہیں جبکہ ن لیگ کے ا ختیار ولی اور پیپلز پارٹی کے سلیم کھوکھر بھی میدان میں ہیں ـ
این اے چھ لوئر دیر سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے مقابلے پر پی ٹی آئی کے محبوب شاہ ہیں جبکہ ن لیگ کے روح اللہ اور پیپلز پارٹی کے مہمد حنیف خان بھی قسمت آزمائیں گے۔
این اے دو سو بیالیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال کا ٹاکرا پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل سے ہوگا۔
این اے دو سو چھیالیس کراچی غربی پرایم کیوایم پاکستان کے امین الحق اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے دو دو ہاتھ کریں گے
این اے دو سو اکسٹھ پر پیپلز پارٹی کے نواب ثنا اللہ زہری کا مقابلہ ن لیگ کے میر عطا اللہ لانگو سے ہوگا۔