لاہور (16 اپریل 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مزید 10 اضلاع میں نئی الیکٹرو بسیں دینے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے میٹروبس اسٹیشن کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں ان کو بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ کے تحت 21 روٹس پر روزانہ سوا لاکھ مسافر مستفید ہوئے ہیں اور فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت بسوں کے 3560 ٹرپ مکمل ہوئے۔ رواں ماہ 100 الیکٹرو بسیں، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخرتک 264 الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز پلان بنا رہی ہیں بائیک والوں کی پیٹرول سے جان چھوٹ جائے گی‘
اجلاس میں ہر ڈویژن میں الیکٹرو بسوں کیلیے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کیلیے پلان طلب کیا۔
اس موقع پر پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسی آئیں گی۔
اجلاس میں ’ایمپاور۔ہر‘ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں نئے اور جدید ترین بس اسٹیشن کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے سرکاری ملازمین کیلیے ای بائیک پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
مریم نواز نے مزید 10 اضلاع میں نئی الیکٹرو بسیں دینے کی منظوری دی، ان اضلاع میں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


