اسلام آباد : فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بجلی کی قیمت میں 1.43 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے ، چیئرمین نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت سےمتعلق حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی ایک ماہ کے لئے 1.43روپےفی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی زیر صدارت نیپرا ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔
سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ پربجلی مہنگی کرنےکی سفارش کی ، چیئرمین نیپرا نے کہا ہمارے تحفظات دور کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں ہورہے، باتیں تو بہت ہوتی ہیں لیکن کوئی خاص کام نہیں ہو رہا۔
توصیف ایچ فاروقی کا کہنا تھا کہ جو پاور پلانٹس بند ہیں ان کیلئےبھی ایڈجسٹمنٹ مانگی گئی ہے، اتھارٹی بندپاورپلانٹس کی ایڈجسٹمنٹ تسلیم نہیں کرے گی ، آپ پہلے مطمئن کریں اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔
فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے پر چیئرمین نیپرا نے کہا اعدادوشمار کےمطابق جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 1.37 روپے بنتی ہے، بجلی صارفین پر 21 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا ، بجلی کی قیمت سےمتعلق حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔