حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ سستی کردی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے کم نرخوں کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا، صنعتوں پر 101 ارب روپے کراس سبسڈی کا بوجھ ختم کردیا گیا ہے۔
صنعتوں کے لیے بنیادی ٹیرف 33.58 روپے سے کم ہوکر 29.54 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
صنعتی بجلی ٹیرف تقریباً 11.5 سینٹ فی یونٹ ہوگیا۔
واضح رہے کہ صنعتکاروں کے تحفظات پر پاور ڈویژن نے نیپرا سے رجوع کیا تھا، 11 فروری کی سماعت کے بعد نیپرا نے فیصلہ حکومت کو بھجوایا تھا۔
حکومت نے نیپرا کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
یہ پڑھیں: بجلی کے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کردیے گئے
یاد رہے کہ چند روز قبل نیپرا نے بجلی کے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کردیے. نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا ہے، فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین پر لگائے گئے ہیں۔
اس سے قبل 300 یونٹ سے زائد استعمال پر نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد تھے۔
ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجر عائد کیے گئے ہیں جبکہ ماہانہ 200 یونٹ بجلی کے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز لگائے گئے ہیں۔
100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں، ماہانہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین کو فکسڈ چارجز کی مد میں 300 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


