اسلام آباد : بجلی صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے ، کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 65 پیسے فی یونٹ تک سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو درخواست جمع کرا دی ہے۔
نیپرا 27 نومبر کو سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گا، جس کے بعد فی یونٹ قیمت میں کمی کا باضابطہ فیصلہ متوقع ہے۔
بجلی کی قیمت میں ممکنہ کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
سی پی پی اے نے کہا کہ اکتوبر میں بجلی کمپنیوں کو مجموعی طور پر 9 ارب 63 کروڑ یونٹس فراہم کیے گئے، جبکہ فی یونٹ لاگت 8 روپے 71 پیسے رہی۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں پانی سے 27.36 فیصد اور جوہری ایندھن سے 22.13 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جوہری ایندھن سے سب سے سستی 2 روپے 17 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔
مقامی کوئلے سے 12.76 فیصد، درآمدی کوئلے سے 4.71 فیصد، مقامی گیس سے 9.16 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 19.72 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


