بلاول بھٹو کے خصوصی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے خصوصی طیارے نے ملتان ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد جارہے تھے کہ طیارے کو فنی خرابی کے باعث فوری طور پر ملتان ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
طیارے میں سعید غنی، ناصر حسین شاہ بھی بلاول بھٹو کے ساتھ تھے۔ فنی خرابی کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری کے لیے ایئرپورٹ پر گاڑیوں کا انتظام کیا گیا اور وہ بذریعہ سڑک اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
بلاول بھٹو شاہ رکن عالم انٹرچینج سے موٹروے پر روانہ ہوئے اور وہ اسلام آباد پہنچ کر پارٹی کے اہم امور انجام دیں گے۔
بلاول بھٹو کل آزادکشمیر الیکشن سےمتعلق پارٹی مہم کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہونے پر دبئی سے کراچی پہنچے تھے اور آج وہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے۔