اشتہار

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگے گی یا گورنر راج؟ وفاقی حکومت کا ہوم ورک مکمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے کے فیصلے کےلیے وزیراعظم ہاؤس میں آج اہم اجلاس ہوگا، سابق فاٹا سمیت بارہ اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا (کے پی) کی موجودہ سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت کا ہوم ورک مکمل کرلیا، صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے فیصلے کے لیے آج وزیراعظم ہاؤس میں ایک انتہائی اہم اجلاس ہونے جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گزشتہ رات گئے بھی ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت سینئر وزراء اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران قومی سلامتی اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے تیار کردہ مختلف رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعظم صوبے کے معاملے پر تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لے رہے ہیں اور مختلف آئینی و قانونی آپشنز کے استعمال پر مسلسل مشاورت جاری ہے۔

آج ہونے والی اعلیٰ سطح کی بیٹھک میں تمام اہم سیاسی و انتظامی اسٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق فاٹا کے اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز زیرِ غور ہے تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS

صوبے میں عوام کے تحفظ کے لیے وفاق اپنے آئینی اختیارات استعمال کرے گا، اور آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کے تمام پہلوؤں پر غور کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ایک طرف خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اور سرگرمیاں جاری ہیں، تو دوسری طرف وفاقی سطح پر سخت اقدامات کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔

رہنماؤں کے بیانات کے مطابق سیاسی محاذ آرائی اور لانگ مارچ کی صورتحال کے بعد ایمرجنسی یا گورنر راج کا امکان کافی بڑھ گیا ہے تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا حتمی فیصلے سے قبل کوئی سیاسی مفاہمت کا راستہ نکلتا ہے یا معاملہ مزید آگے بڑھتا ہے۔

 

اہم ترین

اظہر فاروق
اظہر فاروق
اظہر فاروق اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے ڈپٹی بیورو چیف اور سینئر صحافی ہیں، 30 سالہ صحافتی تجربہ ہے، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس، کابینہ اور سیاسی و پارلیمانی امور پر نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں