دبئی (6 مارچ 2026): ایمریٹس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دن میں فل نیٹ ورک آپریشن بحال ہونے کی توقع ہے۔
ایمریٹس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جزوی فضائی حدود کھلنے کے بعد محدود فلائٹ شیڈول کے ساتھ پروازیں چل رہی ہیں، مسافروں اور عملے کی حفاظت بدستور اولین ترجیح ہے، گزشتہ روز دبئی سے تقریباً 30 ہزار مسافروں کو مختلف مقامات کیلیے روانہ کیا گیا۔
ایئر لائن نے بتایا کہ 7 مارچ تک روزانہ 106 واپسی پروازیں 83 مقامات کیلیے چلائی جائیں گی، یہ پروازیں ایئر لائن کے تقریباً 60 فیصد روٹ نیٹ ورک کی نمائندگی کریں گی، برطانیہ کیلیے 5 ایئرپورٹس پر روزانہ 11 پروازیں چلائی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس وقت امریکا کے 7 مقامات کیلیے پروازیں چلائی جا رہی ہیں، صورتحال پر مسلسل نظر رکھتے ہوئے آپریشنز کو اسی کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز ایمریٹس ائیر لائن نے دبئی سے جانے والی پروازوں کو 7 مارچ تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ ایئر لائن سے پیغام ملنے تک مسافر ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں۔
ایئرلائن انتظامیہ نے کہا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


