The news is by your side.

Advertisement

بھارت کے تعلیمی نظام کا پردہ چاک کرنے والی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کو بڑا دھچکا

ممبئی: بھارت کے تعلیمی نظام کا پردہ چاک کرنے والی بالی ووڈ کی نئی فلم ’چیٹ انڈیا‘ ریلیز سے قبل تنازع کا شکار ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سومک سین کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی  فلم کو ریلیز سے ایک ہفتے قبل بڑا دھچکا لگا، بھارتی سینسر بورڈ نے فلم کا نام تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ چیٹ انڈیا کے نام کی وجہ سے ملک کا تشخص مجروح ہوگا، لہذا اس کا نام تبدیل کیا جائے یا پھر ریلیز کی اجازت نہ دی جائے۔

سی بی ایف سی بورڈ نے فلم کے نام کو متنازع قرار دیتے ہوئے اس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ہدایت کار نے اس کا نئے نام کا اعلان کردیا۔

سومک سین نے اعلان کیا کہ چیٹ انڈیا کا نام اب ’وائی چیٹ انڈیا‘ ہوگیا، سی بی ایف سی نے فلم کے تمام مناظر کو کلیئر کیا۔

مزید پڑھیں: عمران ہاشمی کی نئی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کا ٹریلر جاری

دوسری جانب فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عمران ہاشمی نے بھی فلم کا نام تبدیل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’شاید نام سے غلط تاثر پیدا ہورہا تھا مگر عوام کو فلم میں وہ تمام مسائل اور خامیاں دکھائیں گے جو ہمارے معاشرے میں پھیلی ہوئی ہیں‘۔

عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’میں نے خود دیکھا امتحانات میں پرچہ لیک ہوجاتا ہے، میرے کئی دوستوں نے اسی طرح اچھی پوزیشنز حاصل کیں، طالب علموں کا مستقبل تباہ کرنے کے پیچھے ایک مافیا ملوث ہے جس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی‘۔

ممبئی میں اپنی فلم کی پروموشن ’چیٹ انڈیا‘ پر گفتگو کرتے ہوئے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ بھارت کا تعلیمی نظام ایسا نہیں کہ طالب علم پڑھنے کے بعد ایک قابل اور اچھا انسان بن سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’میرے نزدیک ایسے نظامِ تعلیم سے نوجوانوں کا مستقبل بننے کے بجائے تاریک ہوتاہے، ہمارے تعلیمی نظام میں جس طرح امتحانات پاس کیے جاتے ہیں اُس کے بارے میں سب بخوبی واقف ہیں‘۔

عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کچھ لوگ میری نئی فلم پر تنقید کریں گے اور بولیں گے کہ تعلیمی نظام بہت بہتر ہے، دراصل یہ سب لوگ اُسی مافیا کا حصہ ہیں جو نوجوانوں کا مستقبل تباہ کررہی ہے کیونکہ ایسی تعلیم حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں‘۔

اسے بھی پڑھیں: عمران ہاشمی نے بھارت کے تعلیمی نظام کا پردہ چاک کردیا

یاد رہے کہ عمران ہاشمی اپنی نئی فلم ’چیٹ انڈیا‘ میں نقل مافیا کے سرگرم کارکن کے طور پر کردار ادا کررہے ہیں، اس کہانی کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ نقل مافیا کی وجہ سے تعلیمی نظام کا کس طرح بیڑہ غرق ہوا۔

فلم کی کہانی سومک سین نے لکھی اور وہی اس کی ہدایت کاری انجام دے رہے ہیں جبکہ اس فلم کو عمران ہاشمی پروڈیوس کررہے ہیں، فلم کو پہلے 25 جنوری2019 کو سینیما گھروں میں پیش کیا جانا تھا البتہ بال ٹھاکرے کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کیوجہ سے اب اسے 18 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں