لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کے تقسیم کار اداروں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے طے کردہ شیڈول کے علاوہ بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگا واٹ ہوگیا، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب 29 ہزار اور پیداوار 21 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، لیسکو کی طرف سے ساڑھے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
تاہم سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور ٹرپنگ بھی جاری ہے، لوڈ میں کمی بیشی کی وجہ سے ٹرانسفارمرز اور میٹر جلنے کی سینکڑوں شکایات موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبوں، دیہات اور ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔