واشنگٹن : امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ ایران سے جنگ اگلے چند ہفتوں میں ختم ختم ہوجائے گی، جس کے بعد توانائی کی سپلائی دوبارہ بہتر ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری عسکری تنازع اگلے چند ہفتوں یا اس سے بھی پہلے اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی بحال اور قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
کرس رائٹ کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی حکام نے آبنائے ہرمز کی بندش اور اس کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے انتہائی باریک بینی کے ساتھ منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ اس وقت امریکی عوام کو توانائی کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے، لیکن یہ "قربانی” دنیا کی جیو پولیٹیکل صورتحال کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کرنے کے لیے دی جا رہی ہے۔
امریکی وزیر توانائی نے واضح کیا کہ چین، جاپان اور کوریا جیسے ممالک اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے آبنائے ہرمز پر سب سے زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
اس تجارتی راستے کو دوبارہ کھلوانا سب کے مفاد میں ہے، تاہم اس وقت امریکہ کی اولین ترجیح ایران کی عسکری قوت کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے۔
وزارتِ توانائی کے مطابق جیسے ہی جنگ ختم ہوگی، توانائی کی ترسیل دوبارہ بہتر ہو جائے گی، جس سے عالمی منڈی میں استحکام آئے گا اور صورتحال معمول پر آ جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


