لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو محمد وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے بتایا کہ پی سی بی جو بھی کام کررہی ہے پاکستان کے لیے کررہی ہے، فرنچائز اونرز سے پی سی بی کے معاملات ٹھیک نہیں یہ تاثر غلط ہے، اب پی ایس ایل 6کی تیاری جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اکتوبر میں آکر 2ٹی20میچز کھیلے گی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کرونا صورت حال بہتر ہوئی تو شائقین کو بھی اسٹیڈیم آنے کا موقع ملے گا، غیرملکی کھلاڑیوں کااعتماد بحال کررہے ہیں۔
گفتگو کے دوران ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 5 سالہ اسٹریٹجی میں ہم کارکردگی دکھارہے ہیں، جب کارکردگی دکھاتے ہیں تو لوگوں کی سوچ تبدیل ہوتی ہے پی، ایس ایل کو پاکستان میں لایا گیا یہ کارکردگی سب کےسامنے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہتری کیلئے ہم سب مل کر کردار ادا کررہے ہیں۔